ضلعی انتظامیہ اور لوئرکرم کے عمائدین کے درمیان ملاقات: ایک دن کے لیے ضروری فوڈ آئٹمز لے جانے کی اجازت دی گئی ہے

ضلعی انتظامیہ اور لوئرکرم کے عمائدین کے درمیان ملاقات کی تفصیل جیونیوز کو موصول ہوگئی۔ 

بدھ کو لوئر کرم کے علاقے چھپری ریسٹ ہاؤس میں عمائدین اور انتظامیہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ 

ملاقات میں عمائدین کی نمائندگی فرمان اللہ اور عادل استاد نے کی، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی اور کمانڈنٹ نے شرکت کی۔

ملاقات کے بعد حاجی محمد شریف نے کہا کہ انتظامیہ نے اپر کرم میں گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو گزارنے کے لیے تعاون کا مطالبہ کیا، جس پر انسانی بنیادوں پر تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

محمد شریف نے کہا کہ لوکل سطح پر ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں قافلہ اپر کرم پہنچ چکا ہے اور فی الحال ایک دن کے لیے صرف ضروری فوڈ آئٹمز لے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کسی کے ساتھ تعاون کو کمزوری نہ سمجھا جائے، یہ ہماری پرخلوص کوشش اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون حل کا ثبوت تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بگن متاثرین کا پرامن دھرنا مندوری میں جاری رہے گا۔ 

محمد شریف نے واضح کیا کہ علاقے میں اسلحہ کے خلاف آپریشن کے لیے کسی کی رضامندی یا اجازت کی ضروری نہیں ہوتی۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ بھی کیا کہ دوسرا فریق خود اپنے بنکرز مسمار کرے اور اسلحہ جمع کرے۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پاکستان کا جھنڈا جلانے والوں کو گرفتار کیا جائے اور بگن بازار جلانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ ملاقات میں ابھی تک ان واقعات میں ملوث کسی بھی فرد کی گرفتاری عمل میں نہ آنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ۔ 

وفد کے رکن کا کہنا تھا کہ سرکاری حکام نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد از جلد نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، تاہم ہم نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ بگن بازار جلانے والوں کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟