وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے سبسڈی بند کرنے کے اثرات سامنے آنے لگے، اخراجات میں کمی کے لیے ملک بھر میں 446 یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کر دیا گیا۔
ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا کہنا ہے کہ اسٹورزکی بندش کےباوجودکسی ملازم کونہیں نکالاجائےگا،جن اسٹورز کی آمدنی کم اور نقصان زیادہ تھا ان کو بندکیا گیا، ملک کے دیہی علاقوں میں قائم زیادہ تر یوٹیلیٹی اسٹورز بندش کی زد میں آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریگولر اور فرنچائز کو ملا کر مجموعی یوٹیلیٹی اسٹورز کی تعداد 5 ہزار 130 بنتی ہے تاہم کل 3 ہزار 982 ریگولر اسٹورز میں سے 446 کو بند کیا گیا اور 1148 فرنچائز اسٹورز میں سے کسی کو بند نہیں کیا گیا۔
ریگولر اسٹورز کی تعداد 3 ہزار تک کرنے کا پلان بھی بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے اس سال اگست میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے 5 بنیادی اشیاء چینی،آٹا،گھی،دالوں اور چاول پر دی جانے والی سبسڈی بند کردی تھی جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے اخراجات کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا فیصلہ کیا۔
وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو نجکاری فہرست میں شامل کر رکھا ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو ختم کرنے کا پلان بھی تیار کیا گیا تاہم یوٹیلیٹی اسٹورز کو ختم کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔