بشریٰ بی بی ڈیفیکٹو وزیراعلیٰ ہیں اور میرے پڑوسی کو پریشان کر رکھا ہے، گورنر خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا (کے پی) کے گورنر فیصل کریم کنڈی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی ڈیفیکٹو وزیراعلیٰ ہیں اور انہوں نے میرے گاؤں کے آدمی کو پریشان کر رکھا ہے۔

مردان کے سٹی میئر حمایت اللہ مایار کی جانب سے دیے گئےعصرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلی بھڑکیں مار رہے تھے کہ بانی کے بغیر اسلام آباد سے پشاور واپس نہیں آؤں گا مگر شاید وہ بشریٰ بی بی کو بانی سمجھ کر وہاں سے بھاگ آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام اباد اور پنجاب میں پختونوں کے ساتھ نامناسب رویہ برداشت نہیں کریں گے، ہر پختون دہشت گرد نہیں اس سلسلے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور حکومت پنجاب سے بات کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی اپنے صوبےمیں لگی آگ بجھانے کے بجائے وفاق میں آگ لگانے پر تلے ہوئے ہیں، صوبے میں بدامنی کی وارداتوں میں روز لوگ شہید ہو رہے ہیں مگر انہیں چھوڑ کر صوبائی حکومت اپنے کارکنوں میں ایک ایک کروڑ روپے تقسیم کر رہی ہے یہ رقم بلا امتیاز سب کو دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں چیف سیکریٹری نے وعدہ کیا تھا کہ وہ دو دن کے اندر اندر کرم روڈ کھول دیں گے لیکن پانچ دن گزر گئے روڈ اب تک بند ہیں، حکومت ڈائیلاگ سے نہیں سنجیدگی سے چلتی ہیں۔

گورنر نے کہا کہ ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے نقل مکانی کرنے والے کرم کے دو ہزار متاثرہ خاندانوں کو دو وقت کا کھانا، گرم کپڑے، ادویات، ایمبولنس اور ٹینٹ فراہم کر رہی ہے جبکہ صوبائی حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے اور ہم سے امداد مانگ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مراد سعید وزیر اعلی ہاؤس میں چھپے ہیں تو وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ وہاں پر چھاپہ مارے، بشریٰ بی بی ڈیفیکٹو وزیراعلی ہیں انہوں نے میرے گاؤں کے آدمی کو پریشان کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ الٹی سیدھی باتیں کر رہے ہیں۔

 فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی آج رونا رو رہی ہیں کہ انہیں اسلام اباد میں اکیلا چھوڑ دیا گیا تھا، وہ غیرت مند پختونوں کے ساتھ آخری دم تک کھڑے رہنے کی دعوے کر رہی تھیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ انہیں اکیلا چھوڑ کر بھاگ گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اسلحہ اور بارود خریدنے کی بھڑکیں مار رہے ہیں، میرے پڑوسی ہیں ان کی آوازیں سنتا رہتا ہوں، وزیراعلیٰ بتائیں کہ وہ اسلحہ اور بارود کس کے خلاف استعمال کریں گے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ کامیاب آل پارٹیز کانفرنس سے وزیراعلیٰ کے اوسان خطا ہو گئے ہیں، ہم نے اس کانفرنس میں سیاسی کمیٹی بنائی ہے جو صوبے کے حقوق اور دیگر معاملات کے حوالے سے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کرے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایک اور کمیٹی ٹیکنیکل کمیٹی کے نام سے قائم کی ہے جو صوبے کے پانی اور دیگر وسائل کے حوالے سے کام کرے گی۔