پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے مالی وسائل میں اضافے کے لیے اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا، مزمل اسلم کے مطابق، حکومت نے اسٹاک ایکسچینج یا کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے ایجوکیشن بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جن کی مدد سے یونیورسٹیوں کے پنشن واجبات کی ادائیگی کی جائے گی۔ یہ منصوبہ ابتدائی طور پر ایک پائلٹ پراجیکٹ ہوگا، جس کی مالیت 3 سے 4 ارب روپے کے قریب متوقع ہے۔
مزمل اسلم نے مزید کہا کہ اس پراجیکٹ کی کامیابی کے لیے عوامی آگاہی ضروری ہے اور اس کے لیے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ پراجیکٹ کا آغاز ٹیسٹنگ مرحلے سے کیا جائے گا تاکہ اس کے عملی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد صوبے کو مزید بڑے ترقیاتی منصوبوں میں حصہ ڈالنے کے لیے نیا مالی طریقہ اختیار کیا جائے گا، جس کے تحت صوبہ اپنا حصہ پیدا کرنے میں کامیاب ہوگا۔ اس سلسلے میں کراچی اور لاہور میں روڈ شوز اور ایونٹس بھی منعقد کیے گئے ہیں، اور 16 دسمبر کو اسلام آباد میں بھی ایک ایونٹ ہوگا۔
مزمل اسلم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اب تک ترقیاتی منصوبوں کے لیے بیرونی قرضوں اور ڈونرز پر انحصار کر رہا تھا، لیکن بیرونی قرضوں کی منظوری میں تاخیر اور ایکسچینج ریٹ کے خطرات کی وجہ سے اب صوبہ مقامی ڈونرز پر انحصار بڑھانے کی کوشش کرے گا۔