پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں ایچ آئی وی وائرس سےمتاثرہ مریضوں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کے پی میں رواں سال ایچ آئی وی کے1147 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبےکے اسپتالوں میں رجسٹرڈ ایچ آئی وی مریضوں کی تعداد 8 ہزار 356 ہوگئی ۔
دستاویز کے مطابق کے پی میں رجسٹرڈ ایچ آئی وی مریضوں میں6 ہزار 105 مرد اور 2 ہزار80 خواتین شامل ہیں جب کہ 171 ٹرانس جینڈر میں بھی ایچ آئی وی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں رواں سال 250 افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ رواں برس ایچ آئی وی وائرس سے مجموعی طور 1486 اموات ہوئی ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق مجموعی طور پر ایچ آئی وی کے متاثرہ مریضوں میں 1378 کا تعلق ضم اضلاع سے، 352 کا افغانستان ، 112 کا پنجاب، 33 کا سندھ، 11 کا بلوچستان، 14 کا گلگت جب کہ 5،5، کا آزاد کشمیر اور اسلام آباد سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق 1102 افراد کو استعمال شدہ سرنج سے ایچ آئی وی وائرس لگا اور 818 افراد انتقال خون کے باعث وائرس سے متاثر ہوئے۔