پولیو وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر کے 143 اضلاع میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا۔
انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 47 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ یہ مہم حالیہ پولیو کیسز میں تشویشناک اضافے کے پیشِ نظرشروع کی گئی ہے، انسداد پولیو مہم 22دسمبر تک جاری رہے گی۔
انسداد پولیو مہم میں پنجاب کے36 اضلاع میں 2 کروڑ 33 لاکھ، خیبرپختونخوا کے 36 اضلاع میں 72 لاکھ ، سندھ کے 30 اضلاع میں 1کروڑ 6 لاکھ اور بلوچستان کے 36 اضلاع میں 26 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ اسلام آباد ، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے5 اضلاع میں بھی 8لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔ وزارت صحت نے تمام والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو کے خلاف ایک قوم کی حیثیت سے متحد ہو کر اپنے بچوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں ۔
والدین پولیو ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ہر موقع پر اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں کیونکہ فیصلہ آج کرنا ہے،اگر کل بچّے کو چلنا ہے۔