کرک میں پولیو ٹیم پر حملہ، کانسٹیبل شہید، پولیو ورکر زخمی، بنوں میں 2 مارٹر گولے برآمد

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولیو ٹیم پر حملہ ہوا ہے ، جس میں ایک کانسٹیبل شہید ہوگیا، جبکہ بنوں میں مارٹر گولے ملنے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

کرک میں ٹیری کے علاقے شیخان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید ہوگیا، جبکہ پولیو ورکر زخمی ہوا۔

شہید اہلکار اور زخمی پولیو ورکر کو سول اسپتال ٹیری منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب بنوں کے تھانہ اتمانزئی وزیر سب ڈویژن میں دو مارٹر گولے برآمد ہوئے۔

سین تنگہ کے علاقے میں برآمد ہونے والے ایک گولے کو مقامی لوگوں نے بلاسٹ کیا جبکہ دوسرے گولے کو ناکارہ بنانے کیلئے بم ڈسپوزل یونٹ طلب کیا گیا۔

پولیس کے مطابق چند روز قبل اسی علاقے میں مارٹر گولے کے ساتھ کھیلتے ہوئے مدرسے کے تین طلبہ جاں بحق ہوگئے تھے۔