قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ جس وقت یہ سنجیدہ ہوں گے پھر دیکھیں گے، انہیں معلوم ہے کہ ہم کہاں پر ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن، اختر مینگل، پیر پگاڑا اور اچکزئی کو جیل ملاقات کے لیے بلایا گیا؟ جس پر عمر ایوب نے کہا کہ مجھے اس متعلق کوئی معلومات نہیں ہے۔
قبل ازیں، 5 اکتوبر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
عدالت نے 24 نومبر تک تفتیش مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ تفتیش مکمل نا ہونے پر دلائل کا آغاز نہیں ہوسکا۔