پی ٹی آئی والے مذاکرات بھی گن پوائنٹ پر کرنا چاہتے ہیں: شرجیل میمن

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے مذاکرات بھی گن پوائنٹ پر کرنا چاہتے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ہے کہ دسمبر کے مہینے میں پیپلز پارٹی بہت سی تقاریب رکھتی ہے، شہید بی بی کی برسی کی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو گی۔ 

شرجیل میمن نے کہا کہ  موٹر وہیکل فٹنس کے لیے نئے ایس او پیز یکم دسمبر سے نافذ ہو گئے ہیں جبکہ پرانے فٹنس کارڈ مسترد کیے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں نے صدر زرداری، وزیرِ اعلیٰ اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں، وہ ای وی ٹیکسی اور ای وی بسیں لا رہے ہیں۔ 

شرجیل میمن نے کہا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، ہر شہری کو اچھی اور سستی سفری سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کے پی بہادر لوگوں کا صوبہ ہے لیکن ان کے حکمراں نااہل ہیں، ان کی حکومت کا لیڈر دھمکیوں کو پسند کرتا ہے، سول نافرمانی تو وہ پہلے سے کر رہا ہے جب اس نے بل جلائے تھے۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ کے پی کا سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی کا ہے، حکومت کی توجہ عام آدمی کی جان و مال کی حفاظت ہونا چاہیے، وہاں کے وزیرِ اعلیٰ کو چاہیے کہ دہشت گردوں سے لڑنے کی حکمت عملی بنائے، پوچھو ان لوگوں سے جنہوں نے 12 سال جیل کاٹی، لیڈر کی لاشیں دیکھیں۔