کرم کے معاملے پرگرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے

کرم کے معاملے پر کوہاٹ گرینڈ جرگے میں  فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے۔

کوہاٹ میں ضلع کرم کی صورتحال پر جاری گرینڈ جرگہ ختم ہوگیا ہے اور فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

جرگہ رکن ملک ثواب خان نے تصدیق کی ہےکہ امن معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں، فریقین کی جانب سے45 ،45 افراد نے دستخط کیے ہیں، فریقین 14نکات پر مشتمل معاہدے  پر متفق ہوگئے ہیں، معاہدے کے تحت فریقین کےدرمیان سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے، فریقین مورچے ختم اور اسلحہ جمع کرائیں گے۔

جرگہ  رکن کا کہنا ہےکہ  راستےکھولنے اور قیام امن کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے،  معاہدے کی خلاف  ورزی کرنے والوں کو حکومت کے حوالےکیا جائےگا، امن و امان کو یقینی  بنانےکے لیے قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ مل کرکام کیا جائےگا۔

معاہدے کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائےگا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائےگا، فریقین کی جانب سے بنائےگئے مورچے ختم کیے جائیں گے۔

کمشنر کوہاٹ کا کہنا ہےکہ کرم مذاکرات فریقین کے درمیان کامیاب ہوگئے ہیں، تین دستخط رہتے ہیں، باقی دستخط ہوگئے ہیں۔

 جرگہ رکن ملک ثواب خان کا کہنا تھا کہ سڑکیں کھولنے سے متعلق حکومت فیصلہ کرےگی، کرم میں حالات معمول پر آنے میں کچھ وقت لگے گا،ایک دو مہینے میں حالات بہتر ہوجائیں گے۔

ملک ثواب خان کا کہنا تھا کہ  اہل تشیع کی جانب سےانجمن حسینیہ کی سربراہی میں ارکان نے معاہدے پر دستخط کیے جب کہ اہل سنت کی جانب سےانجمن فاروقیہ کی سربراہی میں ارکان نے دستخط کیے۔