بچے نے کاپی میں ہزار کا نوٹ رکھ کر لکھا مجھے پاس کردیں: چیئرمین انٹربورڈ

کراچی: چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ انٹر بورڈ امتحانات میں کئی طالب علم ایسے بھی تھے جنہوں نے اپنی امتحانی کاپیوں میں گانے، کہانیاں اور صرف سوال نامہ لکھا تھا۔ 

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ شرف علی شاہ نے کہا کہ چارج لیتے ہی نتائج کی تحقیقات سے متعلق ایک کمیٹی بنائی جس میں مضامین کے ماہرین  اور ایک پرنسپل کو کمیٹی کا کنوینر بنایا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے، شکایتی سیل قائم کردیا ہے تاکہ کسی کو کوئی مشکل نہ ہو جب کہ تحقیقات کے لیے ہیڈ ایگزیمنر کی میٹنگ بھی بلائی تھی، ایگزیمنر نے بتایا کہ کچھ بچوں نے کاپیوں میں کہانی،گانے اور سوالنامہ ہی تحریرکیا ہوا ہے۔ 

چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ نے بتایا کہ کسی بچے نے کاپی میں ہزار روپے کا نوٹ رکھا اورلکھا میری گنجائش اتنی ہی ہے پلیز مجھے پاس کریں۔ 

واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے تحت گیارہویں جماعت کے نتائج کے آنے کے بعد اس حوالے سے طلبہ و والدین سمیت سیاسی جماعتیں بھی تحفظات کا اظہار کررہی تھیں جب کہ بورڈ نے تحفظات کا اظہار کرنے پر طلبہ کے لیے اسکروٹنی فیس 50 فیصد کم کردی ہے۔