خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کےساتھ صحت مراکز منصوبہ ختم ہونےکا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق مارچ تک گیٹس فاونڈیشن کو پشاور میں اراضی فراہم نہ کی گئی تو منصوبہ ختم ہوجائےگا اور فاؤنڈیشن کی جانب سے مزید فنڈز بھی روک دیےجائیں گے۔
ذرائع نے بتایاکہ فاؤنڈیشن نے پولیو کے 55 ہائی رسک ایریاز کیلئے 15 صحت مراکز کی مفت تعمیر کی پیشکش کی ہے اور صحت مراکز کیلئے محکمہ بلدیات نے 4 جگہوں کی نشاندہی بھی کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیات نے تاحال صحت مراکز کیلئےسائٹس اور این او سی جاری نہیں کی، ان سائٹس پر پولیو قطرے، حفاظتی ٹیکہ جات، ہیلتھ سینٹرز کیلئے عمارتیں تعمیر کرنی ہیں۔
ذرائع کے مطابق معاہدےکے تحت اراضی فراہم کرنے پر فاؤنڈیشن سولرائزڈ صحت مراکز تعمیرکرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور میں 15 صحت مراکز 2020 سے گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے کرائے کی عمارتوں میں قائم ہیں اور معاہدے کے تحت صحت مراکز کے اخراجات دسمبر 2025 تک گیٹس فاؤنڈیشن برداشت کرے گی۔
ذرائع نے بتایاکہ صحت مراکز کے قیام سے پہلے ہائی رسک یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کی کوریج 49 فیصد تھی جو 15 صحت مراکز کے قیام کے بعد 80 فیصد تک بڑھ گئی۔
اس حوالے سے سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا عدیل شاہ کا کہنا تھاکہ بی ایچ یوز کیلئے محکمہ بلدیات کو سائٹس اور این او سی فراہم کرنےکی درخواست کی ہے اور کوشش ہے کہ منصوبے پر جلد سے جلد کام مکمل کرلیا جائے۔