پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 75بچوں کی کامیاب ہارٹ سرجری، اس دوران غیرملکی ماہرین نے بھی بچوں کے دل میں سوراخ کی سرجری میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی سی میں جدید ڈیوائس کا استعمال کرتے ہوئے 75 بچوں کے دل کے سوراخ کے کامیاب آپریشنز کیے گئے۔ پاکستان چائلڈ ہارٹ فاؤنڈیشن کے تعاون سے ہونے والے ان آپریشنز میں مصر، نیدرلینڈز اور قطر سے بچوں کے ماہرین امراضِ قلب نے بھی شرکت کی۔
ڈین پی آئی سی پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ اور بچوں کے امراضِ قلب کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز نے چائلڈ ہارٹ فاؤنڈیشن کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر شاہکار احمد کا کہنا تھا کہ یہ پی آئی سی کے لیے اعزاز ہے کہ عالمی ماہرین نے ہمارے ادارے پر اعتماد کیا اور بڑی تعداد میں کامیاب کیسز کیے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی سی خیبرپختونخوا بلکہ پاکستان کا قابلِ فخر ادارہ ہے جو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز کا کہنا تھا کہ پی آئی سی بچوں کے امراضِ قلب کے شعبے میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، 2024 میں 800 سے زائد بچوں کے دل کے سوراخ ڈیوائس کے ذریعے بند کیے گئے۔
پروفیسر ڈاکٹر اعجاز کا کہنا تھا کہ پی آئی سی ان والدین کے لیے امید کی کرن ہے جو اپنے بچوں کے مہنگے علاج کے لیے بیرون ملک جانے پر مجبور تھے۔ اب ان لوگوں کو مہنگے علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں، بلکہ بیرونِ ملک سے آئے ماہرین نے پی آئی سی میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور ماہر ڈاکٹروں کی کارکردگی کو سراہا۔
پاکستان چائلڈ ہارٹ فاؤنڈیشن کے سی ای او فرحان احمد نے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی انتظامیہ کا شکریہ ادا کای اور کہا کہ یہ شراکت داری دل کے امراض میں مبتلا بچوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ یاد رہے کہ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 75بچوں کی کامیاب ہارٹ سرجری کرائی گئی ہے، اس دوران غیرملکی ماہرین نے بھی بچوں کے دل میں سوراخ کی سرجری میں شرکت کی۔