جوڑوں کی تکلیف سے نجات کا دعویٰ، چڑیا گھر نے چیتے کی غلاظت بیچنا شروع کردی

چین کے مشہور چڑیا گھر  نے چیتے کی غلاظت سے طبی فوائد کا دعویٰ کرتے ہوئے اس کی فروخت شروع کردی۔

چینی میڈیا کے مطابق جنوب مغربی صوبے سیچوان میں قائم یان بائیفینگشیا وائلڈ لائف چڑیا گھر ان دنوں شدید تنقید کی زد میں ہے۔

 یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب چڑیا گھر کی سیر کو گئے ایک سیاح نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ چڑیا گھر ایک سائبرین چیتے کی غلاظت کی ایک بوتل 7 ڈالر (تقریباً پاکستانی 2 ہزار روپے) میں فروخت کر رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بوتل پر موجود متن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیشاب سے جوڑوں کی تکلیف، موچ اور پٹھوں کے درد کا علاج کیا جاسکتا ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، اسے سفید شراب میں شامل کرکے استعمال کیا جائے تو اچھے نتائج حاصل ہوں گے جب کہ غلاظت کے استعمال سے پہلے متاثر جگہ پر ادرک بھی لگایا جائے۔

چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے اسے پینے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم ساتھ یہ انتباہ بھی کیا گیا کہ الرجی کی صورت میں اسے بند کردینا چاہیے۔

سیاح کی پوسٹ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے اور چڑیا گھر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔