دن میں زیادہ وقت فون پر ویڈیوز دیکھنے کا حیران کن اثر دریافت

سوشل میڈیا پر مختصر ویڈیوز کو دیکھنے سے وقت اچھا گزرتا ہے اور موجودہ عہد میں یہ فارمیٹ عام ہوچکا ہے۔

مختصر ویڈیوز کے باعث لوگ دن بھر اپنے فون میں اسکرول کرتے ہوئے ایک کے بعد دوسری ویڈیو دیکھتے رہتے ہیں۔

مگر یہ عادت صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہے، خاص طورپر دماغ کے لیے۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Tianjin Normal یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دن بھر زیادہ وقت اسمارٹ فون پر اسکرولنگ کرنے سے دماغ کی توجہ مرکوز کرنے سمیت دیگر افعال پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں 17 سے 30 سال کی عمر کے 111 افراد کو شامل کیا گیا۔

یہ سب فون میں مختصر ویڈیوز دیکھنا پسند کرتے تھے۔

محققین کی جانب سے انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ روزانہ اوسطاً 95 منٹ تک ان ویڈیوز کو 2 ماہ تک دیکھیں۔

اس دوران ان کی دماغی سرگرمیوں کو ایم آر آئی کے ذریعے ٹریک کیا گیا۔

اس تجربے کے نتائج نے محققین کو دنگ کر دیا۔

انہوں نے دریافت کیا کہ دماغ کے وہ حصے جو فیصلہ سازی اور جذباتی کنٹرول سے جڑے ہوئے تھے، ان میں شدید لت کے اثرات دریافت ہوئے۔

مزید مشاہدے سے معلوم ہوا کہ دماغ کے توجہ مرکوز کرنے والے اور ذاتی موازنہ کرنے والے حصوں بھی مختصر ویڈیوز کو دیکھنے کی عادت سے متاثر ہوئے، جیسے چیزوں پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہوگیا۔

دماغ میں کسی چیز کی لت اور تبدیلیاں لانے والے 500 جینز کی سرگرمیوں کا بھی مشاہدہ کیا گیا۔

محققین نے بتایا کہ فون اسکرولنگ سے نہ صرف توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے بلکہ نیند کا معیار بھی ناقص ہو جاتا ہے یا بے خوابی کے عارضے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بیشتر افراد حقیقی دنیا کے تلخ حقائق سے بچنے کے لیے مختصر ویڈیوز کا سہارا لیتے ہیں جس کے نتیجے میں دماغ پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ مختصر ویڈیوز کو ضرور دیکھیں مگر دورانیہ مختصر ہونا چاہیے یا محتاط رہنا چاہیے۔