حکومت پاکستان کا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر یوم سوگ کا اعلان: 8 فروری تک قومی پرچم سرنگوں رہے گا

حکومت پاکستان نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 8 فروری کو ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان 5 فروری کو 88 برس کی عمر میں پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں انتقال کرگئے تھے۔

اسماعیلی امامت کے دیوان کے مطابق پرنس کریم آغا خان اسماعیلی مسلم کمیونٹی کے 49ویں امام یعنی روحانی لیڈر تھے۔

پرنس کریم آغا خان 1936 میں سوئٹزرلینڈ میں پیدا ہوئے اور بچپن کے ابتدائی ایام نیروبی میں گزارے۔ انہوں نے 1957 میں 20 برس کی عمر میں امامت سنبھالی تھی۔ پرنس کریم آغا خان پرنس علی خان کے بڑے بیٹے تھے، پرنس کریم کے دادا سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم تھے۔

انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے اسکول اور پھر میں ہارورڈ یونیورسٹی سے اسلامی تاریخ میں بیچلر آف آرٹس کی ڈگری لی تھی۔ آغا خان سوم نے تیرہ سو برس کی تاریخی روایات کے برعکس بیٹے کی جگہ پوتے کو جانشین بنایا تھا۔