پی ٹی آئی رہنماؤں میں شدید لڑائی، گالیوں اور تھپڑوں کی بوچھاڑ

راولپنڈی:

پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان لڑائی کا واقعہ پیش آیا، جس میں گالیوں اور تھپڑوں کی بوچھاڑ کردی گئی۔

 اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر فواد چوہدری اور بیرسٹر شعیب شاہین کے درمیان لڑائی ہوگئی۔ اس موقع پر فواد چوہدری نے بیرسٹر شعیب شاہین کو تھپڑ مار دیا، جس سے وہ زمین پر گر گئے۔

لڑائی کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گالیاں بھی دیں۔ فواد چوہدری نے شعیب شاہین سے کہا تم ایجنسیوں کے ٹاؤٹ ہو، جس پر شعیب شاہین نے فواد چوہدری سے کہا کہ اپنے کام سے کام رکھو۔

لڑائی کے موقع پر موجود جیل عملے نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا اور لڑائی سے چھڑایا۔

بعد ازاں فواد چوہدری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے۔ تھپڑ لگنے اور نیچے گرنے سے شعیب شاہین کے بازو پر چوٹ آئی۔ 

اختلافات زبانی ہونے چاہییں، مارنا نہیں چاہیے، نادیہ خٹک
جھگڑے کے موقع پر پی ٹی آئی کی خاتون وکیل نادیہ خٹک بھی وہاں موجود تھیں، جھگڑے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو یہ کچھ نہیں کرنا چاہیے تھا، فزیکلی جو انہوں نے کیا بہت برا کیا۔
 

نادیہ خٹک نے کہا کہ فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو مارا اور وہ زمین پر گرگئے جو بھی اختلاف ہوں وہ زبانی کلامی ہونے چاہئیں مگر مارنا نہیں چاہیے، شکر ہے ان کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی وہ زمین سے اٹھے ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے۔