اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو بہت سخت قیمت چکانی ہوگی۔
بلوچستان کے شہر بارکھان میں دہشت گردوں کی بس میں فائرنگ سے نہتے مسافروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم نے مجرموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ معصوم شہریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سد باب کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
دہشت گرد امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بارکھان میں 7 مسافروں کے قتل کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ افراد کا قتل بزدلانہ اور گھناؤنا عمل ہے۔ دہشت گردعناصر امن اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر بلوچستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صدر مملکت نے جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اوراہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔