رواں برس رمضان المبارک میں ایک ایسا انوکھا اور انمول فلکیاتی واقعہ رونما ہونے جارہا ہے جو 33 برسوں میں ایک بار پیش آتا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عام طور پر دنیا بھر میں تاریخ اور دنوں کا حساب رکھنے کے لیے 2 کیلنڈرز استعمال کیے جاتے ہیں، ایک شمسی ہے جسے عیسوی کیلنڈر بھی کہا جاتا ہے۔
دوسرا اسلامی کیلنڈر ہے جسے ہجری کیلنڈر کہا جاتا ہے جو چاند کے حساب سے ترتیب دیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایسا شاز و نادر ہی ہوتا ہے کہ دونوں کیلنڈر ایک وقت میں ایک ہی ساتھ شروع ہوں یعنی شمسی اور قمری مہینے کا آغاز ایک ہی تاریخ سے ہو لیکن اب اس سال ماہِ رمضان میں یہ انمول منظر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واضح امکان ہے کہ ماہ رمضان 2025 کا آغاز یکم مارچ سے ہو گا یعنی ہجری مہینہ رمضان اور شمسی مہینہ مارچ ایک ساتھ شروع ہوں گے۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ ایسا ہر 33 سال بعد ہوتا ہے، یہ چاند اور سورج کے مداروں میں چکر میں ایک نایاب ہم آہنگی کی وجہ سے ہوتا ہے۔