وزیرِاعظم محمد شہباز شریف آذر بائیجان کا دو روزہ دورہ ختم کرکے باکو سے ازبکستان کے شہر تاشقند پہنچ گئے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ازبکستان کے صدر عزت مآب شوکت مرزیایوف کی خصوصی دعوت پر وزیرِاعظم شہباز شریف اپنے دو روزہ دورۂ ازبکستان کیلئے تاشقند پہنچ گئے۔
اُزبکستان کے وزیرِ اعظم عبداللہ عاریپوف، ازبک وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف، تاشقند کے میئر شوکت عمرزاکوف، ازبکستان کے پاکستان میں سفیر علی شیر تختائیف اور پاکستان کے ازبکستان میں سفیر احمد فاروق سمیت اعلی سفارتی و سرکاری اہلکاروں نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
تاشقند ہوائی اڈے پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کے استقبال کیلئے ازبک مسلح افواج کا چاک و چوبند دستہ بھی موجود تھا۔
وزیرِ اعظم تاشقند میں یادگار آزادی کا دورہ کریں گے جہاں وزیرِ اعظم پھولوں کی چادر چڑھا کر ازبکستان کی عظیم تاریخی شخصیات کو خراج عقیدت اور ازبکستان کی تعمیر و ترقی، غیور و محنتی ازبک عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کریں گے۔
وزیرِ اعظم کو اس موقع پر یادگار پر تعمیر کردہ ازبکستان کی 3000 سالہ تاریخ کی منبت کاری کا دورہ کروایا جائے گا اور بریفنگ دی جائے گی۔
وزیر اعظم ازبک صدر عزت مآب شوکت مرزیایوف سے دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے جس میں ازبکستان اور پاکستان کے مابین علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سلامتی، علاقائی استحکام اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو ہوگی۔
دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال بھی ہوگا، ملاقات کے بعد پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔
پاکستان اور اُزبکستان کی کاروباری و سرمایہ کار برادری کے مابین تعاون کو بڑھانے کیلئے تاشقند میں پاکستان اور اُزبکستان بزنس فورم کا انعقاد بھی ہوگا جس میں وزیرِاعظم شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔
وزیرِاعظم اُزبکستان کی تعمیری صنعت کے مشاہدے کیلئے تاشقند میں قائم ٹیکنو-پارک کا دورہ بھی کریں گے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے دورہ ازبکستان میں پاکستانی وفد میں شریک ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم کو آذربائیجان کے اول نائب وزیرِ اعظم عزت مآب یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف، نائب وزیرِ خارجہ یالچین رفائیف، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرخادوف، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور اعلی سفارتی و سرکاری اہلکاروں نے وزیرِ اعظم کو الوداع کیا۔