میٹا کی نئی چال: ٹک ٹاک کے مقابلے میں نئی ایپ متعارف کرانے کا امکان

کیلیفورنیا: انسٹاگرام کے مالک میٹا کی جانب سے ٹک ٹاک کے متبادل کے طور پر ایک نئی مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ متعارف کرائے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ عالمی سطح پر مقبول شارٹ ویڈیو پلیٹ فارم ٹک ٹاک کو امریکی حکومت کی جانب سے ممکنہ پابندیوں کا سامنا ہے، اور ایسے میں میٹا اپنی نئی ایپ کے ذریعے مارکیٹ میں جگہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، انسٹاگرام کے ملازمین کے ساتھ ایک خفیہ میٹنگ میں کمپنی کے سربراہ نے اس نئی ایپ کے حوالے سے بات کی۔ میٹا اس سے قبل مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) کے مقابلے میں "تھریڈز" متعارف کرا چکا ہے، اور اب اسی حکمت عملی کو ٹک ٹاک کے مقابلے میں بھی آزمانے کی تیاری ہو رہی ہے۔

امریکہ میں ٹک ٹاک کو ممکنہ پابندی کا سامنا ہے، اور وہاں کی حکومت کا مطالبہ ہے کہ چینی کمپنی اپنی امریکی سرگرمیوں کو کسی امریکی کمپنی کے حوالے کرے، بصورت دیگر اس پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ اس غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر میٹا اپنی نئی ایپ لانچ کر کے مارکیٹ میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

امکان ہے کہ اس ایپ کو انسٹاگرام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، بالکل اسی طرح جیسے "تھریڈز" کو انسٹاگرام کے اکاؤنٹ سے جوڑا گیا تھا۔ تاہم، میٹا نے اس حوالے سے ابھی کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔