چیمپئنز ٹرافی کے بعد بابر اعظم کا نیا مشغلہ! ویڈیو وائرل

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں قومی ٹیم کی ناکامی کے بعد کرکٹ کے بجائے پیڈل ٹینس کا رخ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد کھلاڑی اپنے گھروں کو واپس پہنچ گئے، جبکہ بابر اعظم کی ایک وائرل ویڈیو نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی، جس میں وہ امام الحق، عثمان قادر اور اپنے بھائیوں کے ساتھ پیڈل ٹینس کھیلتے نظر آئے۔

واضح رہے کہ 16 مارچ سے پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے، تاہم اطلاعات ہیں کہ بابر اعظم کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔ جبکہ تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں ان کی شمولیت بھی غیر یقینی دکھائی دے رہی ہے۔

ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت متوقع

ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 2026 میں بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کر رہا ہے۔ اس دوران کپتان محمد رضوان کو آرام دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ٹیم کی قیادت شاداب خان کو دی جا سکتی ہے۔

مداحوں کا ملا جلا ردعمل

بابر اعظم کی پیڈل ٹینس کھیلنے کی ویڈیو پر مداحوں کے مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ کا کہنا ہے کہ "کرکٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے"، جبکہ دیگر کا ماننا ہے کہ کھیل کے دباؤ سے باہر نکلنے کے لیے یہ ایک اچھی سرگرمی ہے۔