ایسے اسمارٹ لینس جو آپ کی آنکھوں کو چلتا پھرتا کمپیوٹر بنا دیں گے

آنکھوں کو کمپیوٹر میں بدلنے والے اسمارٹ لینسز بارسلونا میں پیش

جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران ایسے اسمارٹ لینسز پیش کیے گئے جو آنکھوں کو ایک مکمل کمپیوٹر میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ اسمارٹ لینسز XPANCEO کمپنی نے تیار کیے ہیں، جن میں بائیو سنسنگ اور آئی او پی سنسرز شامل ہیں، جو آنکھوں کے امراض کی تشخیص اور علاج میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اسمارٹ لینسز کا مقصد صرف بینائی میں مدد دینا نہیں بلکہ انہیں ایک ایسا طبی آلہ بنانا ہے جو آنکھوں کے ذریعے بلڈ شوگر، وٹامنز اور ہارمونز کی سطح کی نگرانی بھی کرے گا۔

مزید یہ کہ یہ لینس وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی رکھتے ہیں، جس کے لیے انہیں اتارنے کی ضرورت نہیں۔ کانٹیکٹ لینس کیس میں رکھتے ہی یہ خود بخود چارج ہو جائیں گے، اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اسمارٹ لینسز بینائی پر کوئی منفی اثر نہیں ڈالیں گے۔

یہ اسمارٹ لینسز اے آئی سے جڑی ایپ کے ذریعے موتیے جیسے امراض کی بروقت تشخیص اور معلومات فراہم کریں گے، جس سے آنکھوں کی صحت کی مکمل مانیٹرنگ ممکن ہوسکے گی۔