رمضان میں چست اور توانائی سے بھرپور رہنے کے آسان طریقے

رمضان صرف بھوکا رہنے کا مہینہ نہیں، بلکہ یہ اللہ سے تعلق مضبوط کرنے اور خود کو بہتر بنانے کا بہترین وقت ہے۔ اس مہینے میں ہمیں اپنی عادات پر غور کرنے اور اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے کا موقع ملتا ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق رمضان سے پہلے اپنے جسم کو روزے کے لیے تیار کرنا ضروری ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ کھانے پینے کی عادتیں آہستہ آہستہ تبدیل کی جائیں، تاکہ روزے میں آسانی ہو۔ اگر کوئی دن بھر کھاتا ہے تو وہ اپنی خوراک کم کرے اور اگر کوئی چائے یا کافی کا عادی ہے تو کیفین کم کرے تاکہ رمضان میں سر درد سے بچ سکے۔

ڈاکٹرز کہتے ہیں رمضان میں صحت کے حوالے سے سب سے بڑی غلطی سحری چھوڑنا ہے۔ سحری کے بغیر روزہ رکھنا جسم کو کمزور اور پانی کی کمی کا باعث بنتا ہے۔ اسی لیے سحری میں ایسی غذا کھانی چاہیے جو فائبر، پروٹین اور صحت بخش چکنائی سے بھرپور ہو۔

رمضان میں پانی پینا بھی بہت ضروری ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق روزے کے بعد کم از کم 10 گلاس پانی پینا چاہیے تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔

ایک اور بڑی غلطی رمضان میں تلی ہوئی اور غیر صحت بخش کھانوں کا زیادہ استعمال ہے، جس سے جسمانی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس لیے سادہ اور متوازن غذا کھانی چاہیے۔

رمضان میں میٹھا کھانے کا رجحان بھی عام ہے، مگر ماہرین کہتے ہیں کہ زیادہ چینی والے کھانے سے پرہیز کرنا بہتر ہے۔ اگر کوئی پہلے سے کسی غذائی کمی کا شکار ہو تو رمضان میں یہ مسئلہ بڑھ سکتا ہے۔

ڈاکٹرز مشورہ دیتے ہیں کہ رمضان سے پہلے اپنی صحت کا معائنہ ضرور کروانا چاہیے تاکہ جسمانی کمزوریوں کا بروقت پتا چل سکے اور روزے کی تیاری بہتر طریقے سے کی جا سکے۔ اگر خوراک کا انتخاب سمجھ داری سے کیا جائے تو رمضان جسمانی اور ذہنی طور پر نیا جوش اور توانائی دے سکتا ہے۔