رمضان میں معدے کے امراض میں خطرناک اضافہ، اسپتالوں میں رش بڑھ گیا

کراچی: رمضان المبارک میں تلی ہوئی اشیاء اور زیادہ میٹھا کھانے کے سبب معدے کی بیماریاں تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہیں۔ جناح اسپتال کے ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر عرفان کے مطابق رمضان کے دوران ہیضہ اور تیزابیت کے روزانہ 70 سے زائد کیس رپورٹ ہو رہے ہیں، جبکہ عام دنوں میں یہ تعداد صرف 30 تک محدود رہتی تھی۔

سول اسپتال کے ڈاکٹر عمران کا بھی کہنا ہے کہ روزانہ 60 سے 70 افراد معدے کی بیماریوں میں مبتلا ہو کر اسپتال پہنچ رہے ہیں، جن میں ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کی تعداد نمایاں ہے۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سحری اور افطار میں تلی ہوئی اور مصالحے دار غذا سے پرہیز کیا جائے، دہی، پھل اور سلاد کا استعمال زیادہ کریں اور پانی و تازہ جوس کو ترجیح دیں تاکہ معدے کی صحت برقرار رہے۔