پنجاب میں مریم نواز کی کارکردگی کی سروے رپورٹ جاری

لاہور: پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کتنی بہتر اور کتنی خراب ہے، اس حوالے سے سروے رپورٹ کے نتائج جاری کردیے گئے۔ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پور) کی جانب سے صوبے کے 36 اضلاع میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کی کارکردگی سے متعلق سروے کے نتائج جاری کیے گئے، جس میں پنجاب کے 62 فیصد عوام نے عوامی خدمت اور مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز کی ایک سالہ کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیا۔

سروے میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں 73 اور 68 فیصد عوام نے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو "اچھا" اور "بہت اچھا" قرار دیا۔ اسی طرح روزگار کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب کے 63 فیصد عوام نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو "خراب" یا "بہت خراب" کہا۔

پنجاب کے 57 فیصد شہریوں کی رائے میں گزشتہ ایک سال کے دوران حکومتی کارکردگی (گورننس) کا معیار بہتر ہوا ہے، 17 فیصد کے مطابق کارکردگی خراب ہوئی۔ 57 فیصد عوام سمجھتے ہیں کہ عوام اور حکمرانی کے بنیادی مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا گیا ہے۔

سروے نتائج کے مطابق پنجاب کے 60 فیصد عوام کو یقین ہے کہ مریم نواز شریف نے کارکردگی میں دیگر 3 صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اسی طرح عوام نے تعلیم، صحت، انفرا اسٹرکچر اور ستھرا پنجاب کو وزیراعلیٰ مریم نواز کے سب سے بہترین کام قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق تعلیم کے شعبے میں 15 فیصد، صحت میں 14، سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر میں 11 اور ستھرا پنجاب میں 11 فیصد بہتری آئی۔ جن شعبوں کو فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا، ان میں روزگار (13 فیصد)، صحت کی سہولیات (13 فیصد) اور مہنگائی پر قابو پانا (12 فیصد) سرفہرست ہیں۔

صوبے کے 53 فیصد عوام نے رائے دی کہ پی ٹی آئی کے مقابلے میں مریم نواز شریف کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد پنجاب حکومت کی کارکردگی اور عوامی خدمت کا معیار بہتر ہوا۔

یہ سروے پنجاب کے 36 اضلاع کے 66 شہریوں کی رائے سے مرتب کیا گیا۔ دیہی اور شہری علاقوں میں یہ سروے 3 سے 18 فروری کے دوران کیا گیا۔