79 فیصد پاکستانیوں کو بھارت سے ممکنہ جنگ میں جیت کا یقین

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کیے گئے گیلپ پاکستان کے عوامی سروے نے قوم کے جذبات کو عیاں کر دیا ہے۔ سروے سے معلوم ہوا کہ اگرچہ زیادہ تر پاکستانی جنگ کے بجائے امن کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن اگر جنگ مسلط ہوئی تو قوم کو اپنی کامیابی پر بھرپور اعتماد ہے 79 فیصد پاکستانیوں کا ماننا ہے کہ پاکستان اس جنگ میں فاتح ہوگا۔
امن کو ہر حال میں اولین ترجیح دینے والے شہریوں کی تعداد 12 فیصد رہی، جنہوں نے کہا کہ جنگ میں کبھی کسی کی حقیقی جیت نہیں ہوتی اور یہ صرف تباہی کا پیغام لاتی ہے۔
بھارت کی جارحیت کی صورت میں پاکستان کو جنگ شروع کرنی چاہیے یا نہیں اس سوال پر قوم کی رائے تقسیم ہوئی۔ 54 فیصد نے جنگ نہ کرنے اور صبر و حکمت سے کام لینے کی تجویز دی، جبکہ 43 فیصد نے بھارت کے خلاف بھرپور فوجی جواب کی حمایت کی۔
بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش پر حکومت کے اقدام کو بھی بھرپور حمایت ملی، 78 فیصد نے اس فیصلے کو بالکل درست قرار دیا۔
امریکا کے ممکنہ کردار پر اعتماد کی کمی واضح نظر آئی  43 فیصد کو خدشہ ہے کہ امریکا بھارت کو جنگ پر اُکسائے گا، جبکہ 31 فیصد کو امید ہے کہ وہ ثالثی کے ذریعے کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کرے گا۔
پہلگام حملے کے بعد پاکستان کی جانب سے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش پر عوام کی رائے بھی دو حصوں میں بٹی نظر آئی  49 فیصد نے کہا کہ بھارت یہ تجویز کبھی قبول نہیں کرے گا، جبکہ 28 فیصد کو توقع ہے کہ شاید بھارت یہ پیشکش مان لے۔