پاک فوج نے اوکاڑہ اور عارف والا میں مزید 5 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا

پاک فوج نے اوکاڑہ اور عارف والا میں 5 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے بھارتی ڈرونز کو مہارت سے مار گرایا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں 4 بھارتی ڈرون طیارے گرا کر تباہ کردیے گئے۔

بھارتی ڈرون اوکاڑہ کی حدود میں پہنچ گئے تھے، 4 علاقوں میں آنے والے ڈرونز سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے ہوا میں مار گراے۔

سیکیورٹی فورسز نے بھارتی ڈرون طیارے اوکاڑہ کے مختلف علاقوں میں گرائے جبکہ مقامی لوگوں کی جانب سے موقع پر پاک فوج کے حق میں نعرہ بازی کی گئی۔

پاک فوج کی بروقت کارروائی سے ڈرون طیاروں سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عارف والا

دوسری جانب پاک فوج نے عارف والا کے نواحی گاؤں کے قریب ایک بھارتی ڈرون مار گرایا گیا۔

ڈرون آبادی سے تقریباً 300 میٹر دور فصلوں میں گرا، جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے اب تک 35 بھارتی ڈرون گرائے جا چکے ہیں، گزشتہ روز ڈرونز کی زد میں آکر 3 افراد شہید اور 5 زخمی ہوئے جبکہ لاہور میں 6، راولپنڈی میں 3 اور کراچی میں 2 حملے ناکام بنائے گئے۔