پاکستان نے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، ڈرون حملے کی تردید

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان نے جوابی کارروائی کے دوران صرف بھارت کی ایل او سی پر واقع چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا اور کسی قسم کے ڈرون یا راکٹ حملے نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت جان بوجھ کر شہری آبادی پر حملے کر رہا ہے۔

ترک نشریاتی ادارے سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی افواج ایل او سی پر بلااشتعال گولہ باری اور فائرنگ کر رہی ہیں جس کا جواب صرف ان بھارتی چیک پوسٹوں کو دیا جا رہا ہے جو شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

میجر جنرل احمد شریف نے بھارتی میڈیا کی طرف سے راکٹ اور ڈرون حملوں کے جھوٹے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پیش کرے، ورنہ پراپیگنڈہ بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں پھیلانے میں مشغول ہے، جیسے پاکستان کا جہاز گرا کر پائلٹ کو پکڑنے کی بات کی گئی، مگر کوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔ پاکستان کسی جارحیت میں پہل نہیں کرتا، لیکن اگر کچھ کرے گا تو دنیا خود دیکھے گی، بھارتی میڈیا کو اعلان کی ضرورت نہیں ہو گی۔