شادی کو انسانی زندگی کا اہم موڑ سمجھا جاتا ہے، مگر مردوں کے لیے یہ زندگی بدلنے والا لمحہ اکثر جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ حالیہ تحقیق کے مطابق شادی کے بعد مردوں میں موٹاپے کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے، جبکہ خواتین پر اس کا کوئی خاص اثر نہیں ہوتا۔
یہ دعویٰ پولینڈ میں کی گئی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے، جس میں 2405 افراد کے میڈیکل اور عمومی صحت کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ تحقیق میں معلوم ہوا کہ شادی شدہ مردوں میں موٹاپے کا امکان غیر شادی شدہ مردوں کے مقابلے میں 3.2 گنا زیادہ ہوتا ہے، جبکہ خواتین میں ایسا کوئی رجحان نہیں دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق شادی کے بعد مردوں کے جسمانی وزن میں اضافے کا امکان 62 فیصد جبکہ خواتین میں یہ امکان 39 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ مردوں میں موٹاپے کی ایک وجہ شادی کے بعد کھانے پینے میں بے اعتدالی اور جسمانی سرگرمیوں میں کمی بھی بتائی گئی ہے۔
چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنس کی 2024 کی ایک تحقیق کے مطابق، شادی کے بعد مردوں کے وزن میں 5.2 فیصد اور موٹاپے کا خطرہ ڈھائی فیصد بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح برطانیہ کی باتھ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق، شادی شدہ مردوں کا جسمانی وزن غیر شادی شدہ مردوں کے مقابلے میں اوسطاً 1.4 کلوگرام زیادہ ہوتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ عمر بھی وزن میں اضافے کا ایک بڑا عنصر ہے۔ ہر گزرتے سال کے ساتھ مردوں میں موٹاپے کا امکان 3 فیصد اور خواتین میں 4 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔