رمضان میں وزن کم کرنے کا خواب حقیقت بن سکتا ہے

رمضان میں روحانی پاکیزگی کے ساتھ جسمانی بہتری کا موقع بھی ہوتا ہے، مگر غیر متوازن غذا وزن میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ رمضان میں وزن کم کرنے کا خواب حقیقت بن سکتا ہے، اگر افطار اور سحری میں متوازن غذا کو ترجیح دی جائے۔

رمضان المبارک میں روزے رکھنے سے وزن کم کرنے کا ایک سنہری موقع ملتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ صحت مند اور پائیدار حکمت عملی اختیار کی جائے، تاکہ روزے کے روحانی فوائد کے ساتھ ساتھ جسمانی بہتری بھی ممکن ہو۔

متوازن غذا کا انتخاب

سحری اور افطار میں ایسی غذا شامل کریں جو دیر تک توانائی فراہم کرے اور جسم کو ضروری غذائی اجزاء مہیا کرے، انڈے، دالیں، دہی، چکن اور مچھلی جسم کو دیر تک توانائی دیتے ہیں اور پروٹین حاصل کرنے کا بہترین زریعہ ہیں۔

اسی طرح فائبرہماری غذا کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔ پھل، سبزیاں اور دلیہ نظامِ ہاضمہ کو بہتر رکھتے ہیں اور طویل وقت تک بھوک نہیں لگنے دیتے۔

چکنائی میں زیتون کا تیل، خشک میوہ جات اور بیج وزن کو متوازن رکھنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ جنک فوڈ اور چینی سے پرہیزکریں، تلی ہوئی اشیا، چینی والے مشروبات اور مصنوعی میٹھے وزن بڑھانے کا سبب بنتے ہیں، اس لیے ان سے گریز کریں۔

روزے میں ہائیڈریشن کا خیال رکھیں

افطار سے سحری کے درمیان 8-10 گلاس پانی پینے کی عادت ڈالیں۔ ایک وقت میں بہت سا پانی نہ پیئں اور نہ ہی سحری کے وقت بہت سا پانی پئیں بلکہ تھوڑا تھوڑا پانی افطار سے سحری تک پینے کی عادت ڈالیں۔

کیفین والے مشروبات (چائے، کافی) کم کریں، کیونکہ یہ جسم میں پانی کی کمی پیدا کرتے ہیں۔ سوڈا اور مصنوعی مشروبات کی جگہ سادہ پانی یا قدرتی شربت (لیموں پانی، تخم بالنگا) کا استعمال بہتر ہے۔

معتدل جسمانی سرگرمی

رمضان میں بھاری ورزش سے گریز کریں، لیکن روزانہ ہلکی پھلکی سرگرمی جیسے چہل قدمی یا ہلکی اسٹریچنگ جاری رکھیں۔ افطار کے بعد 20-30 منٹ چہل قدمی وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ نوافل، تراویح یا دیگر جسمانی سرگرمیاں عبادت کے ساتھ جسمانی مشقت کے حوالے سے بھی نفع بخش ہیں، کیلوریز جلانے اور جسم کو متحرک رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔

نیند کی اہمیت

نیند کی کمی میٹابولزم کو سست کر دیتی ہے اور وزن میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ کم از کم 6-7 گھنٹے کی پرسکون نیند لینے کی کوشش کریں تاکہ جسم چاک و چوبند رہے۔

وزن کم کرنے میں جلدبازی سے گریز اور مستقل مزاجی کی عادات اپنائیں

رمضان میں وزن کم کرنا ایک قدرتی اور مثبت عمل ہو سکتا ہے، لیکن اس کے لیے مستقل مزاجی ضروری ہے۔ بہت کم کھانے یا سخت ڈائٹنگ کے بجائے متوازن خوراک لیں تاکہ جسمانی توانائی برقرار رہے۔ سحری اور افطار میں مناسب مقدار میں پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی شامل کریں تاکہ وزن اعتدال میں رہے اور جسمانی کمزوری نہ ہو۔

رمضان میں وزن کم کرنا صرف اسی وقت ممکن ہےجب آپ درست حکمت عملی اختیار کریں۔ صحت مند غذا، پانی کی وافر مقدار، ہلکی جسمانی سرگرمی اور مناسب نیند کے ذریعے نہ صرف وزن متوازن رکھا جا سکتا ہے بلکہ مجموعی صحت میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔ یاد رکھیں افطار کے بعد بسیار خوری یا بہت زیادہ کھانا آپ کے وزن کو بجائے کم کرنے کے الٹا وزن بڑھا سکتا ہے اس لئے درست حکمت عملی اختیار کریں۔