آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے ایک عام مسئلہ ہیں، جو چہرے کی خوبصورتی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ عام طور پر انہیں تھکاوٹ یا نیند کی کمی کا نتیجہ سمجھا جاتا ہے، مگر اس کی کئی دیگر وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی اور تھکن کے باعث جلد ماند پڑ جاتی ہے، جس سے خون کی شریانیں نمایاں ہو کر سیاہ حلقوں کی صورت اختیار کر لیتی ہیں۔ اس کے علاوہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ جلد کی موٹائی کم ہوتی جاتی ہے، جس کی وجہ سے یہ حلقے مزید نمایاں ہو جاتے ہیں۔
زیادہ دیر تک موبائل یا کمپیوٹر اسکرین دیکھنے سے بھی آنکھوں پر دباؤ بڑھتا ہے، جو کہ سیاہ حلقوں کی ایک اور بڑی وجہ بن سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ الرجی، پانی کی کمی اور زیادہ دھوپ میں گھومنے کے اثرات بھی جلد پر پڑتے ہیں اور سیاہ حلقوں کا سبب بنتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سیاہ حلقے بہت زیادہ نمایاں ہو رہے ہیں اور عام گھریلو تدابیر سے کم نہیں ہو رہے، تو کسی ماہر معالج سے رجوع کرنا ضروری ہوگا۔