20 سال کی عمر میں سفید بال؟ جانیں موروثی اور طبی وجوہات

عمر کے ساتھ بالوں کی رنگت میں تبدیلی آتی ہے جس سے بچنا ممکن نہیں ہوتا۔

عام طور پر، 35 سال کی عمر کے بعد بال سفید ہونا شروع ہو جاتے ہیں، اور 50 سال کی عمر تک پہنچتے پہنچتے 50 فیصد افراد کے نصف بال سفید ہو چکے ہوتے ہیں۔ تاہم، کچھ افراد کے بال 20 سال کی عمر میں ہی سفید ہونے لگتے ہیں، جو مختلف وجوہات کی طرف اشارہ کر سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، زیادہ تر کیسز میں کم عمری میں بالوں کا سفید ہونا موروثی ہوتا ہے۔ جینیاتی عوامل اس عمل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور بعض اوقات یہ اثر والدین کے بجائے دادا، دادی یا نانا، نانی سے بھی منتقل ہو سکتا ہے۔

بال سفید ہونے کی بنیادی وجہ Melanocytes نامی خلیات کا رنگ پیدا کرنے کا عمل روک دینا ہے۔ عمر بڑھنے کے ساتھ یہ خلیات کمزور ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں بال سفید ہو جاتے ہیں۔

کچھ طبی مسائل بھی اس عمل کو تیز کر سکتے ہیں، جن میں وٹامن بی 12 کی کمی، تھائی رائیڈ کے مسائل اور خون کی کمی شامل ہیں۔ ذہنی دباؤ بھی ایک اہم عنصر ہو سکتا ہے، کیونکہ اس سے بالوں کی جڑیں کمزور ہو جاتی ہیں، اور قبل از وقت سفیدی کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

اگر خاندان میں کسی کے بال جوانی میں سفید نہیں ہوئے اور آپ کے بال اچانک تیزی سے سفید ہونے لگیں، تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہوگا۔