وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران اہم ملاقاتیں کیں۔ طارق فاطمی نے قائم مقام انڈرسیکرٹری آف اسٹیٹ برائے سیاسی امور سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سینئر ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا سے بھی ملاقات کی، جس میں جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
طارق فاطمی نے امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے رینکنگ ممبر اور امور خارجہ کی ذیلی کمیٹی برائے جنوبی ایشیا کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کیں، جس میں پاک امریکہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر بات کی گئی۔
معاون خصوصی نے ریپبلکن پارٹی کے سینئر رہنما سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات اور عالمی معاملات پر گفتگو کی گئی۔
اس سے قبل طارق فاطمی نے خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین برائن ماسٹ سے بھی ملاقات کے دوران پاکستان کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال سے بھی آگاہ کیا، ان ملاقاتوں میں پاک امریکہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور معاشی تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
طارق فاطمی نے کہا کہ تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبہ جات میں تعلقات کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات بھی زیر غور آئے۔
یہ ملاقاتیں دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے اہم پیشرفت کی علامت سمجھی جا رہی ہے اور اس سے پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں مزید استحکام کی امید ہے۔