ٹک ٹاک نے صفائی کرنے والی خاتون کو ماڈل بنادیا

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کی گلیوں میں صفائی کرنے والی ایک 28 سالہ خاتون کی زندگی اس وقت بدل گئی جب ایک روسی فوٹوگرافر نے اسے اپنے کیمرے میں قید کر لیا۔

نوپاجیت ’مین‘ سومبونسیٹ، جو دو بچوں کی سنگل ماں ہیں، سڑکوں کی صفائی کے دوران روسی فوٹوگرافر سیمیون ریزچیکوف کی نظر میں آئیں۔ فوٹوگرافر نے مین کی تصویر لے کر انہیں دکھائی اور ان کی قدرتی خوبصورتی کی تعریف کی۔ بعدازاں، سیمیون نے یہ ویڈیو اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مین کی خوبصورتی نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کردیا، یہاں تک کہ میڈیا اداروں اور ماڈلنگ ایجنسیز نے بھی ان سے رابطہ کیا۔ معروف تھائی میک اپ آرٹسٹ نے مین کو مفت میک اوور کے لیے مدعو کیا اور انہیں فلم "آرٹ آف دی ڈیول 2" کے کردار پانور کے روپ میں پیش کیا، جس کی تصاویر بھی خوب وائرل ہوئیں۔

اب مین نے "Browit" نامی کاسمیٹکس برانڈ کے لیے بطور ماڈل کام شروع کر دیا ہے، اور دیگر برانڈز بھی ان سے رابطے میں ہیں۔ ماڈلنگ کیریئر پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے مین نے سڑکوں کی صفائی کا کام چھوڑ دیا ہے۔

ایک انٹرویو میں مین نے بتایا کہ وہ اپنی پرانی نوکری سے خوش تھیں، لیکن اس اچانک اور حیران کن تبدیلی نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا ہے۔