بریک اپ کے بعد لڑکے کا انوکھا انتقام؛ کیش آن ڈیلیوری آرڈرز کا طوفان

مغربی بنگال سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ اُس نے اپنی سابق محبوبہ کے گھر پر تقریباً 300 کیش آن ڈیلیوری آرڈرز بھیج کر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ ایک رپورٹ کے مطابق، 24 سالہ نادیہ، جو ایک بینک میں ملازمت کرتی ہیں، نے چار مہینوں کے دوران مسلسل آرڈرز ملنے کے بعد پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی۔ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ آرڈرز بھیجنے والا 25 سالہ سابق بوائے فرینڈ سمن سکندر تھا۔

نادیہ نے بتایا کہ بریک اپ کے فوراً بعد پچھلے نومبر سے پارسل بھیجنے کا سلسلہ شروع ہوا، حالانکہ بہت سے آرڈرز ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے واپس بھیج دیے گئے۔ پولیس کے مطابق، سمن سکندر، جو نادیہ کا پڑوسی بھی تھا، بریک اپ کے بعد نامعلوم نمبروں سے مسلسل کالز اور ٹیکسٹس کر کے انہیں ہراساں کرنے لگا۔ سمن نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ نادیہ کی آن لائن شاپنگ کی عادت اور بار بار تحائف کا مطالبہ کرنے کی وجہ سے دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد اُس نے یہ قدم اٹھایا۔