چین میں تیز ہواؤں سے اڑ جانے کا خدشہ، دبلے افراد کو گھروں میں رہنے کا حکم

بیجنگ: چین کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بیجنگ اور گرد و نواح میں ہفتے کے آخر تک آنے والی آندھی ”انتہائی تباہ کن“ ثابت ہو سکتی ہے۔ منگولیا سے اٹھنے والے ایک طاقتور سرد بھنور کے باعث ہوائیں سطح 11 سے 13 تک کی شدت اختیار کر سکتی ہیں، جو کہ شدید نقصان دہ ہوتی ہیں۔

سرکاری ہدایات کے مطابق 50 کلوگرام سے کم وزن رکھنے والے افراد کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، کیونکہ تیز ہوائیں انہیں ہوا میں اُڑا سکتی ہیں۔ کھیلوں کے مقابلے، سیاحتی مقامات، پارکس اور ٹرین سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔ ہیومنائیڈ روبوٹس کی ہاف میراتھن بھی 19 اپریل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

بیجنگ میں ہفتے کو درجہ حرارت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔ حکام نے شہریوں سے سختی سے کہا ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔