بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 50 افراد ہلاک

نئی دہلی: بھارت کی ریاست بہار اور اتر پردیش میں طوفانی بارش، آسمانی بجلی اور ژالہ باری نے شدید تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 80 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ صرف بہار میں جمعرات کے روز مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے اور ژالہ باری سے 58 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار کے ضلع نالندہ میں سب سے زیادہ 23 افراد ہلاک ہوئے، جب کہ سیوان میں 4، اور کٹیہار، دربھنگہ، بیگوسرائے، بھاگلپور اور جہان آباد میں ایک ایک ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 4 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

ادھر بھارتی ریاست اتر پردیش میں بھی شدید بارش اور آسمانی بجلی نے تباہی مچائی، جہاں کم از کم 22 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید شدید موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے بہار کے مختلف علاقوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ اتر پردیش میں بھی جمعہ کو 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔