امریکا کے معروف ادارے "پیو ریسرچ سینٹر" کے ایک حالیہ سروے میں عوام سے پوچھا گیا کہ ان کے خیال میں شادی کرنے اور والدین بننے کے لیے کونسی عمر سب سے بہتر ہے۔
سروے کے مطابق 50 فیصد امریکیوں کا ماننا ہے کہ شادی یا اولاد کے لیے کوئی خاص عمر مقرر نہیں کی جا سکتی۔ تاہم جو افراد کسی خاص عمر کو موزوں سمجھتے ہیں، ان کی اکثریت نے 26 سے 27 سال کی عمر کو شادی اور والدین بننے کے لیے بہترین قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق شادی کے لیے اوسط عمر 26.5 سال جبکہ والدین بننے کے لیے اوسط عمر 27.3 سال سامنے آئی۔ 23 فیصد افراد کے مطابق 25 سے 29 سال کے درمیان شادی کر لینی چاہیے، جبکہ 10 فیصد نے 20 سے 24 یا 30 سے 34 سال کی عمر کو بہتر قرار دیا۔
اسی طرح بچوں کے حوالے سے 28 فیصد نے کہا کہ 25 سے 29 سال کے درمیان والدین بننا زیادہ موزوں ہے، جبکہ 40 فیصد نے کسی بھی عمر کو بہترین نہ مانا۔
پیو ریسرچ کے ایک الگ عالمی سروے میں بھی یہ بات سامنے آئی کہ دنیا کے 18 ممالک میں لوگوں کی اکثریت شادی اور پہلے بچے کی پیدائش کے لیے اوسطاً 26 سال کی عمر کو مناسب سمجھتی ہے۔