این جی اوز کی مانیٹرنگ کے لیے مرکزی ڈیجیٹل ریپوزٹری قائم کرنے کا فیصلہ

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کی ہدایات کی روشنی میں وزارت داخلہ و انسداد منشیات نے ملک بھر میں غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کی بیرونی فنڈنگ کی شفاف نگرانی کے لیے ایک مرکزی ڈیجیٹل ریپوزٹری قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نادرا، اقتصادی امور ڈویژن، اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی، جبکہ صوبائی نمائندگان نے آن لائن شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ ایک جامع مرکزی ڈیجیٹل پورٹل ناگزیر ہے تاکہ تمام صوبوں میں کام کرنے والی بیرون فنڈڈ این جی اوز کے ڈیٹا کو ایک جگہ محفوظ کیا جا سکے۔ اس پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کی معلومات، مقاصد، فنڈنگ ذرائع اور اخراجات جیسے اہم اعداد و شمار کو یکجا اور محفوظ بنایا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات کا بھی ذکر ہوا کہ ایک صوبے میں رجسٹرڈ این جی اوز کو دیگر صوبوں میں کام شروع کرنے کے لیے دوبارہ رجسٹریشن کرنی پڑتی ہے، جس سے انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں۔ مرکزی ڈیجیٹل ریپوزٹری کے قیام سے یہ مسئلہ بھی ختم ہو جائے گا۔