وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے بین الاقوامی اور مقامی میڈیا کے ہمراہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزارتِ اطلاعات نے مقامی اور عالمی میڈیا کے نمائندگان کو دورے میں سہولت فراہم کی۔ اس دوران بھارتی پروپیگنڈے کو بےنقاب کرنے کےلیے زمینی حقائق میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ میڈیا نمائندوں کو وہاں لے جایا گیا جنہیں بھارت نے مبینہ دہشت گردی کے ٹھکانے کہا تھا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے بارہا پاکستان کے خلاف بےبنیاد الزامات لگائے گئے، آج ہم نے عالمی اور ملکی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھ دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن مقامات بھارت خیالی دہشت گرد کیمپس قرار دیتا رہا ہے وہ عام شہری آبادیاں ہیں، پاکستان ذمے دار ریاست ہے جو ناصرف علاقائی بلکہ عالمی امن کےلیے بھی پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گرد سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہے، ہم نے اپنے عمل سے بارہا ثابت کیا ہے کہ ہم امن کے داعی ہیں۔
عطاءاللّٰہ تارڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپنی خودمختاری کے دفاع کےلیے ہم ہر حد تک جائیں گے، بھارت الزام تراشی سے پہلے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔