سیاسی رہنماؤں کا ان کیمرہ سیشن، پاک فوج دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار

سیاسی قیادت نے پاکستان کیخلاف بھارت کی کشیدگی کے دوران بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پہلگام فالز فلیگ آپریشن کے تناظر میں ہونے والے سیشن میں سیاسی جماعتوں کے رہنما بڑی تعداد میں شریک ہوئے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی جماعتوں کے شریک رہنماؤں کو پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ایک پُر امن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے، لیکن اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی جاتی ہے تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

علاوہ ازیں ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ان کیمرہ سیشن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے سیاسی قائدین کو حکومتی سفارتی اقدامات اور ریاستی موقف سے بھی آگاہ کیا۔

خیال رہے بریفنگ میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق ، جمعیت علماء اسلام کے نور عالم خان، عبدالشکور، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی شریک تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی بیک گراؤنڈ بریفنگ کا بائیکاٹ کیا۔