مکہ مکرمہ میں سعودی حج سیکیورٹی فورسز نے حج کے ضوابط کی خلاف ورزی پر ایک بھارتی شہری کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ بھارتی شہری بغیر پرمٹ ایمبولینس کے ذریعے چار افراد کو مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کر رہا تھا جس پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔
سعودی حکام کے مطابق حج کے دوران سیکیورٹی اور ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حج کے لیے جاری کردہ پرمٹ کے بغیر کسی بھی فرد کو مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
دوسری جانب ایک مصری شہری کو بھی جعلی حج پرمٹ کا اشتہار سوشل میڈیا پر جاری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جعلی پرمٹس یا اشتہارات کی تشہیر کرنا سعودی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
