ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی انتہائی تشویشناک سطح تک پہنچ چکی تھی اور ترکی نے اس صورتحال کو معمول پر لانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
صدر اردوان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے کشیدہ حالات پر گفتگو کی، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
انہوں نے پاکستانی عوام کے صبر اور بردباری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ امن کے قیام میں کلیدی ثابت ہوا ہے۔ ترک صدر نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے بعد پیدا ہونے والا پُرامن ماحول تمام متنازع امور، خصوصاً آبی تنازعات، کے حل کی راہ ہموار کرے گا۔
انہوں نے اس موقع پر ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ ترکی ہر آزمائش میں پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔
