خواتین کے کپڑوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا

اسلام آباد: ملک بھر میں خواتین کے کپڑوں کی بڑھتی قیمتوں کا معاملہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اٹھا لیا گیا۔
وقفہ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے برانڈز کے نام پر مہنگائی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ جو سوٹ پہلے 7 سے 8 ہزار روپے میں ملتا تھا، اب 20 ہزار کا ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی ٹیکسٹائل مالکان برانڈ کا لیبل لگا کر قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر رہے ہیں، اور مارکیٹ میں کوئی چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں۔
جواب میں پارلیمانی سیکرٹری تجارت ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ حکومت کا لوکل اور ریٹیل مارکیٹ پر براہ راست کنٹرول نہیں ہے، مہنگائی کی وجہ بجلی و گیس کے نرخوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔