پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں فہیم اشرف کی جارحانہ اننگز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے صاحبزادہ فرحان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور پوری ٹیم آخری اوور میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھی مرتبہ پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچی ہے، آخری بار کوئٹہ نے 2019 کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بیٹنگ
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل صرف 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، رائیلی رسوو 16 اور حسن نواز 6 رنز ہی بناسکے۔
فین ایلن نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، ایوشکا فرنینڈو 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، دنیش چندیمل اور فہیم اشرف نے آخری لمحات میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔
فہیم اشرف 23 گیندوں پر 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے جب کہ چندیمل نے 29 گیندوں پر 49 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بین ڈوارشئیس اورسلمان ارشاد نے 2،2 جب کہ عماد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ بیٹنگ
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی جانب سے اوپننگ کا آغاز کرنے والے الیکس ہیلز اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے، پچھلے میچ میں جارحانہ اننگز کھیلنے والے ہیلز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔
صاحبزادہ فرحان نے اپنی فارم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک اور نصف سینچری اسکور کی لیکن وہ ٹیم کو میچ نہیں جتواسکے، فرحان 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، راسی وین ڈار ڈاسن 35 اور سلمان علی آغا 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا، شاداب خان 16، جیمی نیشم 01، عماد وسیم 5۔ بین ڈارشیئس 9، نسیم شاہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان طارق 3، محمد وسیم ، محمد عامر اور فہیم اشرف نے 2،2 جب کہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل، ٹاس جیتنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے اچھی کرکٹ کھیل کر میچ جیتیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، جمی نیشم اور نسیم شاہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج کا میچ جیتنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم ایلیمینیٹر ون میں جیتنے والی ٹیم سے مدمقابل ہوگی۔ ایلیمینیٹر ون میں کل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز آمنے سامنے ہوں گے۔
