یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا: پہلے کوالیفائر میں شکست کے بعد اہم کھلاڑی نے پی ایس ایل کو الوداع کہہ دیا

اسلام آباد یونائیٹڈ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے اہم مرحلے میں بڑا دھچکا پہنچا ہے، جہاں انگلش اوپنر ایلکس ہیلز نے ذاتی وجوہات کے باعث لیگ سے اچانک دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے روانگی کا اعلان کیا اور ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
ایلکس ہیلز ان غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل تھے جو بھارتی حملے اور پی ایس ایل کے ری شیڈول ہونے کے باوجود پاکستان واپس آنے والے اولین کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ انہوں نے لیگ کے بقیہ میچز کے بجائے محض دو مقابلوں کے لیے اسکواڈ کو جوائن کیا تھا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اسلام آباد کو میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ٹیم کے پاس ایلیمنیٹر 2 میں فتح حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنانے کا ایک اور موقع موجود ہے۔