وزیراعظم شہباز شریف 4 ممالک کے 6 روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم خصوصی طیارے کے ذریعے استنبول پہنچے جہاں ان کا استقبال ترک وزیردفاع نے کیا ۔
وزیر اعظم شہباز شریف ترک صدر اردوان سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع، معیشت اور سیاحت پربات چیت ہوگی۔
دونوں رہنما ثقافت سمیت دیگرشعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پربھی بات چیت کریں گے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے دورے کا مقصد ترک عوام بلخصوص صدر اردوان کا شکریہ ادا کرنا ہے، ترکیہ نے ہمیشہ کی طرح حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی اصولی مؤقف کی حمایت کی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم آذربائیجان، ایران اور تاجکستان کا بھی دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم دوست ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کریں گے جبکہ وہ 29 اور 30 مئی کو دوشنبے میں گلیشیئرز پر بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف 30 مئی کو تاجکستان سے وطن واپس پہنچیں گے۔