ارشد ندیم کی شاندار کامیابی! ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

پاکستان کے جیولن تھرو اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔

جنوبی کوریا میں ہونے والے مقابلے میں ارشد ندیم نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر کی پھینکی، جس نے انہیں فتح دلائی۔

اس سے قبل انہوں نے 85.57 میٹر کی تھرو کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ ارشد ندیم کی ابتدائی تھروز 75.64 میٹر، 76.80 میٹر اور 85.57 میٹر رہیں، جبکہ دوسرے پاکستانی جیولن تھرو اسپیشلسٹ یاسر سلطان 70.53 اور 74.50 میٹر کی تھرو کر سکے، جس کے باعث وہ 7ویں پوزیشن پر رہے۔

پہلے راؤنڈ میں سری لنکا کے کھلاڑی ٹاپ 2 پوزیشن پر قابض تھے، تاہم ارشد ندیم نے انہیں دوسرے اور تیسرے نمبر پر دھکیل دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جیت مسلسل محنت اور لگن کا نتیجہ ہے، اور انہوں نے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔