کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان اتحاد میں موٹر سائیکل سوار پر تشدد کرنے والے بااثر شخص سلمان فاروقی کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق لینڈ کروزر اور موٹر سائیکل کے درمیان معمولی حادثہ ہوا، جس کے بعد ملزم نے اپنے سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور کے ساتھ مل کر نوجوان کو زدوکوب کیا۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔
مدعی مقدمہ کے مطابق ملزم نے نوجوان کو گاڑی میں محصور کر کے اسلحے کے زور پر دھمکیاں دیں، جبکہ نوجوان کے ساتھ موجود خاتون معافی مانگتی رہیں مگر ملزم نے تشدد جاری رکھا۔
پولیس نے ملزم کے دفتر اور گھر پر چھاپے مارے، اور سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور کو پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ مقدمہ گزری تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، اور پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ شہری کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔